لاہور۔2فروری (اے پی پی):ایئرپورٹ پر بیگ ٹیگ تبدیل کرکے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر اے این ایف کی ٹیم کی دن رات کی کاوشوں سے سعودیہ میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی اور خاندان کے 5 افراد واپس وطن پہنچ گئے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اتوار کو رہائی پانے والے بے گناہ خاندان کی رہائش گاہ گئے اور خاندان کے افراد سے ملاقات کی۔ ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس میجر جنرل عبدالمعید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے رہائی و وطن واپسی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو جو تکلیف اٹھانا پڑی وہ الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی، اے این ایف نے دن رات محنت کر کے انٹرنیشنل گینگ کا سراغ لگایا اور اصل ملزمان کو گرفتار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے بھی بہت تعاون کیا، سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔ محسن نقوی نے بے گناہ خاندان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات پر ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اے این ایف کی ٹیم کو اس سلسلے میں خصوصی ایوارڈز دیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اے این ایف کی ٹیم نے اللہ تعالی کی رضا کیلئے انتہائی محنت سے کیس لڑا ، اسطرح کوئی اپنا بھی کیس نہیں لڑتا۔ متاثرہ خاندان کے ماموں ملک ارشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ اور اے این ایف کی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔ متاثرہ شخص ہارون علی نے کہا کہ محسن نقوی اور اے این ایف کے ڈی جی میجر جنرل عبدالمعید نے جو کام ہمارے لئے کیا وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔
ملک عزیز نے کہا کہ آپ کے لئے دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔ یادرہے کہ لاہور کی مرغزار کالونی سے ملحقہ علاقے ایل ڈی اے ایمپلائز سوسائٹی فیز ون کی رہائشی فرحانہ اکرم 4 فیملی ممبرز ہارون علی۔ ملک عزیز۔ فوزیہ عزیز اور ذکریا بیگم کے ساتھ 23 دسمبر کو سعودی عرب گئیں، ڈرگ مافیا نے عملے کی ملی بھگت سے فرحانہ اکرم کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا۔
بعد ازاں فرحانہ اکرم اور ان کے فیملی ممبرز کو30 دسمبر کو سعودی عرب میں حراست میں لے لیا گیا، اے این ایف نے کیمروں کی مدد سے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لینے کے بعد ایک پورٹر کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو پورا گینگ بے نقاب ہوا۔
انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے سرغنہ سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اے این ایف نے تمام شواہد سعودی حکام کو دئیے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔ اے این ایف کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر سکندر حیات، ڈائریکٹر انفورسمنٹ بریگیڈئر عمران، ڈائریکٹر انٹیلیجنس کرنل کامران اور اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔