گلگت۔2فروری (اے پی پی):قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سنڈر لینڈ برطانیہ اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی پروگراموں میں تعاون بڑھائیں گے ،خاص طور پر طلباء تبادلے کے پروگراموں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
شعبہ تعلقات عامہ کے آئی یو کے مطابق اس حوالے سےسنڈرلینڈ یونیورسٹی اسلام آباد کے دفتر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں کے آئی یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عطا اللہ شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر حمید لون، اور ڈائریکٹر ہنزہ کیمپس ڈاکٹر رحمت کریم سمیت ریجنل منیجرسنڈرلینڈ یونیورسٹی اسلام آباد حمیر احمد موجود تھے۔میٹنگ میں دونوں اداروں کے طلباء کے لیے عالمی سطح پر سیکھنے کے مواقع کو بڑھانے کے لیے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سمیت دیگر امور پر سیر حاصل بحث کی گئی۔
دونوں اداروں کے مندوبین نے کے آئی یو ہنزہ کیمپس میں طلباء موبلیٹی پروگرام، فیکلٹی کے تبادلے،سکالرشپ کے مواقع اور سمر سکولوں میں سہولیات فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر کے آئی یو پروفیسر ڈاکٹر عطاء اللہ شاہ نے اعلیٰ تعلیم و تحقیق میں عالمی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام جامعہ قراقرم کے وژن کو وسعت دینے کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی آف سنڈرلینڈ ہمارے طلباء کے لئےبین الاقوامی متنوع تعلیمی تجربات فراہم کرنے میں معاونت فراہم کرے گی۔اس موقع پریونیورسٹی آف سنڈرلینڈ کے ریجنل منیجرحمیر احمد نے گفتگو کرتے ہوئےعالمی شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے کے آئی یو کے وائس چانسلر اور ان کی ٹیم کے عزم کی تعریف کرتے ہوئے اپنی یونیورسٹی کے وژن کو اجاگر کیا۔
میٹنگ کے دوران دونوں جامعات نے باہمی تعاون کے معاہدے پر بہت جلد دستخط کرنے کے عزم کے ساتھ میٹنگ اختتام پذیرکیا تاکہ مستقبل میں باہمی تعاون کی کوششوں کو آسان بنانے کے لیے بات چیت شروع کی جائےگی اور طلباء کے لیے نئے تعلیمی راستے بناسکیں اور پاکستان برطانیہ کے تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے مدد مل جائے۔