فیصل آباد۔ 03 فروری (اے پی پی):فیصل آبادمیں ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جائے گاجس کےلئے مختلف نوعیت کے پروگرامزترتیب دئیے گئے ہیں تاکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کےساتھ ساتھ کشمیری بھائیوں سے مکمل یکجہتی کااظہار کیا جاسکے۔
اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)ندیم ناصر کی زیر صدارت یوم یکجہتی کشمیر کے پروگرامز کے انعقادکے جائزہ بارے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)،اسسٹنٹ کمشنرز سٹی وصدر، محکمہ تعلیم،سکیورٹی اداروں،ٹریفک پولیس،میونسپل کارپوریشن،فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،فیصل آباد پارکنگ کمپنی،پی ایچ اے،فیصل آباد آرٹس کونسل،سوشل ویلفیئر،سول ڈیفنس،گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی،زرعی یونیورسٹی،جی سی یونیورسٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کوبتایا گیاکہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرمسئلہ کشمیر کے موضوع پر سیمینارز،تقریری مقابلے،واکس،دستاویزی فلموں کی نمائش اور دیگرایونٹس منعقد ہوں گے جبکہ فیصل آباد آرٹس کونسل کی طرف سے نصرت فتح علی خان آرٹ گیلری میں جدوجہد آزادی کشمیر اوربھارتی ظلم واستبدادپرمبنی تصویری نمائش اورموضوعاتی مشاعرے کااہتمام کیاجائے گا۔علاوہ ازیں کشمیری بھائیوں سے اظہاریکجہتی کےلئے ضلع بھر میں اہم مقامات پر بینرزاورسٹیمرزبھی آویزاں کئے جارہے ہیں۔اسی طرح مختلف سماجی،کاروباری،سیاسی اورمذہبی تنظیموں کی جانب سے بھی واکس،ریلیزاوردیگرپروگرامز کااہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیرکے حوالے سے اسی نوعیت کے پروگرامزکا اہتمام تحصیل کی سطح پربھی کیا گیا ہے جس کےلئے تحصیل انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔صدراجلاس نے متعلقہ تمام محکموں پر زور دیاکہ یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپور ملی جذبے سے منانے کےلئے احسن انداز میں پروگرامز منعقد کئے جائیں تاکہ کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا واضح پیغام دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ تمام ایونٹس کی سکیورٹی کے انتظامات کے علاوہ بہتر ٹریفک مینجمنٹ بھی یقینی ہونی چاہیے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555280