لاہور۔4فروری (اے پی پی):پنجاب پولیس نے یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات کے لئے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ترجمان کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 11 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور ہوں گے، 175 افسران، 240 انسپکٹرز، 600 سب انسپکٹرز، 948 اے ایس آئیز سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، 702 ہیڈ کانسٹیبلز، 08 ہزار کانسٹیبلز، 300 لیڈی اہلکار بھی سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گی۔لاہور سمیت صوبہ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر پر 448 پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہ یوم یکجہتی کشمیر پر 346 ریلیز، 84 سیمینار، 23 دیگر تقریبات منعقد کی جائیں گی،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس یوم یکجہتی کشمیر پر شرپسند و ملک دشمن عناصر کے حوالہ سے الرٹ رہے گی، یوم یکجہتی کشمیر کی تقریبات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز کو یوم یکجہتی کشمیر تقریبات کے سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایتکی۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ تقریبات کے داخلی پوائنٹس پر میٹل ڈیٹیکرز اور واک تھرو گیٹس لگائے جائیں، پولیس، سپیشل برانچ، پٹرولنگ، ڈولفن سکواڈ، پیرو، ٹریفک پولیس بہترین انتظامات یقینی بنائیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=555853