لاہور۔4فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیو سٹاک و زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی لاہور میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں گھوڑوں کی مقامی نسل اور ان کی بین الاقوامی پہچان کے حوالے سے امور زیر غور آئے۔اس موقع پرسیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر لائیو سٹاک نے کہا کہ مارواڑی،سندھی،وزیری اور بلوچی گھوڑوں کیلئے ڈی۔این۔اے پر مبنی رجسٹریشن کے ساتھ ایک آفیشل اسٹڈبک(گھوڑوں کے نسب ناموں کی کتاب) مرتب کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گھوڑوں کی مقامی نسل کی افزائش کو بین الاقوامی معیار پر لایا جائے گا اور ریسرچ اداروں کے اشتراک سے مقامی بریڈ کے خدوخال و جینیاتی خوبیاں کو ترویج دیا جائے گا جبکہ لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ ان اعلی نسل کے گھوڑوں کے مستند اور بریڈ نگ اسٹنڈردز کو یقینی بنائے گا۔
صوبائی وزیر نے گھوڑوں کی مقامی نسل کو ورلڈ بریڈنگ فیڈریشن فار سپورٹ ہارسز،ورلڈ عربین ہارس آرگنائزیشن اور ایف اے او کے ڈومیسٹک ڈائیورسٹی انفارمیشن سسٹم کے ساتھ رجسٹریشن کے امور کو جلد از جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کئے۔سید عاشق حسین کرمانی نے عالمی منڈیوں میں گھوڑوں کی مقامی نسل کی رسائی کے لیے ایکوائن ایکسپورٹ گائیڈ لائنز،رجسٹریشن اور قرنطینہ پروٹوکال تیار کرنے کی بھی ہدایت جاری کی جو ایکسپورٹ و ٹریڈ کیلئے معاون ثابت ہوں گے۔ اجلاس میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ انیمل سائنسز لاہور رانا محمد یونس،ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک عثمان طاہر،ڈائریکٹر جنرلز پروڈکشن، ریسرچ(لائیو سٹاک) اور پروگراس لائیو سٹاک فارمر ارتضی داد نے بھی شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=556160