بیجنگ۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے چینی ہم منصب ش و ینجن سے ملاقات کے موقع پر اتفاق کیا ہے کہ انٹیلیجنس شئیرنگ کو مزید بہتر کیا جائے گا۔ اس موقع پر پیرا ملٹری فورسز اور بارڈرز کو محفوظ کرنے کے لیے تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے حوالہ سے بھی گفتگو کی۔
پولیس کے لئے جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے چین سے حصول کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ چین سے پولیس کے لئے جدید ٹیکنالوجی و آلات لیں گے۔ملاقات میں نیشنل پولیس اکیڈمی کے ساتھ تعاون پر بات چیت کی گئی اور بیجنگ پولیس اور اسلام آباد پولیس میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ دونوں وزرا نےجنوری میں جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس پر اطمینان کا اظہار کیا۔وفاقی وزیرداخلہ اور چینی ہم منصب کے درمیان ملاقات دو گھنٹے جاری رہی۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی