ساہیوال۔ 07 فروری (اے پی پی):سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ منافع بخش ڈیری اور میٹ فارمنگ ملک کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے محکمہ لائیوسٹاک مویشی پال حضرات کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کا حصول لائیوسٹاک اور زراعت کی ترقی کے بغیر ناممکن ہے اور اس مقصد کے لئے محکمہ لائیوسٹاک تمام تروسائل بروئے کار لارہا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لائیوسٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ بہادرنگر کے دورے کے موقع پر کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر سجاد حسین اور ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر محمد عثمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیکرٹری لائیوسٹاک ثاقب علی عطیل نے اس موقع پر نیشنل ہارس اینڈ کیٹل شو2025 کے انعقاد کے سلسلہ میں بہادرنگر میں ہونے والے جانوروں کے دودھ اور خوبصورتی کے مقابلہ جات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ریسرچ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان اورفارم منیجر ڈاکٹر اظفر حسین نے اس سلسلے میں کی جانے والی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ لائیوسٹاک پروڈکشن ریسرچ انسٹیٹیوٹ بہادرنگر کے زیر اہتمام 18سے 20 فروری میلہ مویشیاں 2025کا انعقاد ہوگا جس میں دودھ اور خوبصورتی کے مقابلہ جات منعقد ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ ان مقابلوں میں پہلی تین پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں نقدانعامات، ٹرافی اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے جائیں گے۔ اجلاس میں بفلو بریڈز ایسوسی ایشن کے گروپ نے بھی شرکت کی اور ان مقابلہ جات کی کامیابی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔سیکرٹری لائیوسٹاک ثاقب علی عطیل نے ہدایت کی کہ ان مقابلہ جات کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان مقابلوں میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت یقینی بنانے کے لئے شیڈول کی بھرپور تشہیر بھی کی جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=557032