اے این ایف کاتعلیمی اداروں کے گرد اور مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری، 9 ملزمان گرفتار

104

راولپنڈی۔10فروری (اے پی پی):ادارہ برائے انسداد منشیات (اے این ایف )نے تعلیمی اداروں کے گردونواح اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 9 کارروائیوں میں 9 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری چوبیس گھنٹوں کی کارروائیوں بارے رپورٹ کے مطابق 11کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 107.2 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں،ایف 8 اسلام آباد میں پارک کے قریب ملزم سے 2.400 کلو گرام چرس ،کھنہ پل ایکسپریس وے اسلام آباد کے قریب ملزم سے 100 گرام آئس اور 48 نشہ آور گولیاں اوراسلام آباد کے ایک کالج کے قریب ملزم کے قبضے سے 500 گرام چرس برآمد کی گئی۔

راولپنڈی میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 70 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے تعلیمی اداروں کے طلبا کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔کراچی میں کوریئر آفس کے ذریعے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے 3 لیڈیز سوٹس میں جذب شدہ 10.750 کلو گرام آئس،پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 2.850 کلو گرام آئس اور بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے علاقے سے 63 کلو گرام ہیروئن برآمد کی گئی۔

سرینگر ہائی وے اسلام آباد کے قریب کار کے خفیہ خانے میں چھپائی گئی 18 کلو گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔سواں اڈا بس سٹاپ راولپنڈی کے قریب کار میں چھپائی گئی 9.6 کلو گرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ اے این ایف ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔