پنجاب حکومت شعبہ صحت کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کر رہی ہے، صوبائی وزیر صحت

138

لاہور۔12فروری (اے پی پی):وزیرصحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ صوبائی حکومت صحت کے شعبہ میں تاریخی پراجیکٹس کو برق رفتاری سے مکمل کر رہی ہے، امراض قلب میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ اور عوام کو ان کی دہلیز پر علاج و معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے لاہور اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی قائم کیا جا رہاہے، نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں پیڈیاٹرک ایمرجنسی کا شعبہ بھی مکمل طور پر فعال کریں گے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت نے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے حوالے اپنی زیر صدارت اہم اجلاس کے دوران کیا۔

اجلاس میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں سی ای او کی تعیناتی، پیڈیاٹرک ایمرجنسی، سلیکشن کمیٹی کا انتخاب اور او پی ڈی کیلئے ریکروٹمنٹ کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے بورڈ آف گورنرز کے انتخاب کیلئے سلیکشن کمیٹی کی منظوری وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف دیں گی۔سلیکشن کمیٹی کے سربراہ وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ہوں گے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ انشااللہ 30 جون 2025 تک نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کی او پی ڈی عوام کیلئے کھول دیں گے۔نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کے سی ای او اور او پی ڈی کیلئے بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کی اجلاس کے دوران محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو ہدایت کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں ریکروٹمنٹ پالیسی کے تحت بھرتیاں کی جائیں گی ،انسٹی ٹیوٹ میں بہترین سربراہ، پروفیسرز و دیگر عملہ کی بھرتی کرنے جا رہے ہیں ، انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ کو پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت نہیں ہو گی۔نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کیلئے فی الوقت 2 پروفیسرز آف کارڈیالوجی، 2 پروفیسرز آف سرجری اور 1 پروفیسر آف میڈیسن کی تعیناتی کی جائے گی ۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، ڈاکٹر محمد عدنان خان، ڈاکٹر فرقد عالمگیر، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق

سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ذیشان شبیر رانا اور ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر وحید اصغر نے شرکت کی۔ہیلتھ ایڈوائزر ڈاکٹر اظہر محمود کیانی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔