والدین کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ نہ کرنے دیں ،سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد

129
Driving license

فیصل آباد۔ 17 فروری (اے پی پی):حکومتی ہدایات کی روشنی میں غیر قانونی سبز نمبر پلیٹس، ریوالونگ لائٹس والی گاڑیوں اور کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیاہے۔

تمام ٹرانسپورٹ و گاڑی مالکان اور شہریوں سے کہاگیاہے کہ وہ اپنی پرائیویٹ گاڑیوں پر لگائی گئی سبز نمبر پلیٹیں اور ریوالونگ لائٹس فوری طور پر اتار دیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی کی جائےگی اور مقدمات کے اندراج کے علاوہ بھاری جرمانوں سے بھی گریز نہیں کیاجائےگا نیز 18سا ل سے کم عمر نوجوان ڈرائیوکرنے سے اجتناب کریں ورنہ ان کے ساتھ بھی آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائےگا۔

چیف ٹریفک آفیسرسٹی ٹریفک پولیس فیصل آبادفرحان اسلم نے بتایاکہ شاہراہوں پر ہونےوالے زیادہ تر حادثات کی وجہ کم عمری سمیت بغیر لائسنس ڈرائیونگ بھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قانون کے مطابق 18سال سے کم عمر افراد ڈرائیونگ کے اہل نہیں۔ انہوں نے کہاکہ دوران چیکنگ ڈرائیونگ لائسنس کی پڑتال بھی کی جا رہی ہے ا س لئے تما م افراد گاڑی چلاتے وقت اپنے لائسنس ہمراہ رکھیں۔

انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ معصوم شہریوں کو حادثات سے بچانے کیلئے اپنے کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ سے دور رکھیں۔