سیالکوٹ۔17فروری (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پسرور ڈاکٹر عقیل سہیل نے کہا ہے کہ مویشی پال حضرات کو خوشحال بنانے کے لئے مختلف تربیتی پروگرامز باقاعدگی سے جاری ہیں جن میں فارمرز ڈیز، کسان میلے، سیمینار ز، ورکشاپس اور کانفرنسز شامل ہیں۔
انہوں نے جاری بیان میں کہا کہ پنجاب میں زراعت کے بعد سب سے زیادہ دیہی آبادی کے لوگ لائیو سٹاک و ڈیری سیکٹر سے وابستہ ہیں اور ان کا گزر بسر زراعت کے بعد گوشت و دودھ کی پیداوار کی فروخت سے حاصل ہو نے والی آمدنی سے ہوتاہے۔
انہوں نے بتایاکہ چونکہ خواندگی کی شرح انتہائی کم اور دور دراز کے دیہی علاقوں تک جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کی سہولیات بھی معدوم ہیں لہٰذا مویشی پال حضرات ودیہی افراد اس انداز میں جدید رجحانات سے استفادہ کرکے پیداوار نہیں بڑھا پا رہے جس طرح ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے کمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن سیکشن نے مویشی پال حضرات کو خوشحال بنانے کے لئے خصوصی پروگرامز کا سلسلہ شروع کیاہے تاکہ دیہی علاقوں کے مویشی پال حضرات کو بہتر تربیت کے مواقع میسر آ سکیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=562018