حکومت ترکیہ کے ساتھ 5 ارب ڈالر کا باہمی تجارتی ہدف حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

156
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ دو برادر ملک ہیں اور وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو 5 ارب ڈالر تک لے جانے کے لئے پرعزم ہیں، اڑان پاکستان سمیت اقتصادی ایجنڈے اور اس کے اہم مقاصد کو پورا کرنے کے لئے سخت محنت کرنا ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب ایردوان کے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ تمام عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر رجب طیب ایردوان فلسطین اور کشمیر کے لئے ایک مضبوط آواز ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک باقاعدہ مشاورت بھی کرتے ہیں اور ہر فورم پر ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترک صدر کے دورے کے دوران متعدد مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی کئے گئے اور انہوں نے وزارت تجارت اور دیگر متعلقہ وزارتوں پر زور دیا کہ وہ 5 ارب ڈالر کے دوطرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لئے مشترکہ طور پر کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 84 دنوں میں مکمل ہونے والے فلائی اوور کو پاکستانی عوام کی محبت کی علامت کے طور پر صدر رجب طیب ایردوان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔وزیراعظم نے گیلپ کے حالیہ سروے کا بھی خیر مقدم کیا جس کے مطابق تقریباً 55 فیصد لوگوں نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں پر اعتماد ظاہر کیا ہے تاہم انہوں نے زور دیا کہ انہیں اڑان پاکستان سمیت اقتصادی ایجنڈے اور اس کے اہم مقاصد کو پورا کرنے کے لئے سخت محنت کرنا ہو گی۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے ڈائریکٹرز کے وفد سے اپنی ملاقات کے بارے میں کہا کہ انہوں نے اصلاحات کے ایجنڈے اور میکرو اکنامک استحکام پر متفقہ طور پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے حکومت کی تعریف کی اور اس کا کریڈٹ کابینہ کے ہر رکن کو جاتا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں امن معاشی خوشحالی سے جڑا ہوا ہے جس سے ترقی کا پہیہ تیزی سے چلے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے لئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے سکیورٹی فورسز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کے افسران اور اہلکار ملک کے تحفظ کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔