راولپنڈی۔20فروری (اے پی پی):ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ سیاحوں کی سہولت کے لیے ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب کے احکامات پر مری میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر مری مغیث احمد ہاشمی کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے مری کا رخ کیا ہے اور تمام شاہراہوں پر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔
انہوں نے کہا کہ پھسلن کے باعث سٹی ٹریفک پولیس مری نے درجنوں گاڑیوں کو دھکے لگا کر منزل مقصود تک پہنچایا جس پر سیاحوں نے ٹریفک پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بے حد سراہا۔ سی ٹی او نے کہا کہ مری میں برفباری کے دوران ٹریفک پولیس سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ سیاح مری میں دوران برفباری مکمل فٹ اور فور ویل ڈرائیو گاڑی لے کر آئیں اور دوران برفباری گاڑی سلپ ہونے کی صورت میں گاڑی کے ٹائر پر چین کا استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی کا فیول ٹینک فل کروا کے آئیں اور دوران برفباری کسی بھی صورت روڈ پر نو پارکنگ ایریا میں اپنی گاڑی پارک نہ کریں۔ مری میں مختص شدہ جگہ پر اپنی گاڑی پارک کریں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ میں خلل پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صورت ڈبل لائن نہ بنائیں اور روڈ کے اوپر گاڑی کھڑی کر کے سیلفی نہ بنائیں۔
چیف ٹریفک آفیسر مری نے مزید کہا کہ دوران برفباری پوائنٹس پر کھڑے ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی جگہ ٹریفک پرابلم پیش آنے کی صورت میں ٹریفک کنٹرول روم نمبر 0519269200 پر رابطہ کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564278