21.6 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومقومی خبریںملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے...

ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت جنگی بنیادوں پر کام رہی ہے،رانا ثناء اللہ

- Advertisement -

ڈیرہ غازی خان۔ 20 فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ملک کو ایک بار پھر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے حکومت جنگی بنیادوں پر کام رہی ہے،جنوبی پنجاب میں ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،وزیر اعظم محمد شہباز شریف 22فروری کوڈیرہ غازی خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر توانائی سردار اویس خان لغاری،سردار جمال لغاری اور دیگر پارلیمنٹرین کے علاوہ مسلم لیگ ن کے ضلعی عہدے داران ان کے ہمراہ تھے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے تعمیر وترقی کے ایسے سنگ میل قائم کئے ہیں جو ہرطرف اپنی گواہی دیتے ہیں۔ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں جتنے بڑے ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ ہمارے مختلف ادوار حکومت میں کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان ترقیاتی منصوبوں میں موٹرویز،کالجز ،یونیورسٹیز، ہاسپٹلز،دانش سکولز نمایاں ہیں اور ان سب پر مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کے نام کندہ ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے راجن پور تک شاہراہِ کو دو رویہ کیا جا رہا ہے اوریہ شاہراہِ جو قاتل روڈ کے نام سے جانی جاتی ہے تین اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور ڈیرہ اسماعیل خان کے عوام کو سہولت فراہم کر ےگی یہ بھی مسلم لیگ ن کی طرف سے عوام کے لیے تحفہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے پر 121 ارب روپے خرچ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو فنکشنل کرنے کے منصوبے پر دو ارب روپے خرچ ہوں گے اور مجموعی طور دونوں منصوبے 123 ارب روپے سے مکمل ہوں گے جس کا باقاعدہ سنگ بنیاد و افتتاح وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ہفتہ 22 فروری کو ڈیرہ غازی خان میں آکر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے سالہا سال سے عوام کی ضرورت تھے لیکن پچھلے چار سال جن کی حکومت رہی اسے توفیق نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پہلے بھی یہاں ترقیاتی کام کیے اور آج پھر مسلم لیگ ن کو شرف حاصل ہو رہا ہے۔رانا ثناء اللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس مرتبہ پنجاب حکومت وزیراعلی مریم نواز شریف کی لیڈرشپ میں ہیومن ڈیویلپمنٹ پر کام کر رہی ہے۔

غریب اور عام آدمی کو آسان کاروبار، اپنی چھت، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ، گرین ٹریکٹر اور دیگر مفاد عامہ کے جو منصوبے شروع کئے ہیں وہ ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ بارکھان میں پنجاب کے لوگوں کے قتل پر سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ افسوس ناک واقعہ ہے اور یہ لوگ بلوچستان کی نمائندگی نہیں کرتے یہ دہشت گرد ہیں اور یہ دہشت گردی کی کارروائیاں پاکستان کی دشمنی پر مبنی ہیں۔ پاکستان کی حکومت ،لاء فورس ایجنسیاں ان دہشت گردوں کو جہنم واصل کر رہی ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے مریم نواز شریف کے مستقبل میں وزیراعظم بننے کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ اس کا فیصلہ عوام اور پارٹی نے کرنا ہے لیکن مریم نواز محنت کر رہی ہیں۔قبل ازیں رانا ثناءاللہ نے سرکٹ ہاؤس ڈیرہ غازی خان میں مقامی پارلیمنٹرینز اور پارٹی رہنماؤں سے اہم ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے 22 فروری کو وزیرِاعظم پاکستان کے متوقع دورے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

ملاقات میں ڈیرہ غازی خان میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور پارٹی کی تنظیمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔رانا ثناءاللہ نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ وزیرِاعظم کے استقبال اور عوامی رابطہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے متحرک کردار ادا کریں۔

اجلاس میں مقامی قیادت نے ڈیرہ غازی خان کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔رانا ثناءاللہ نے یقین دلایا کہ وزیرِاعظم کے دورے کے دوران ڈیرہ غازی خان کے لیے خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان متوقع ہے جس سے علاقے کے بنیادی مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564283

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں