بھکر۔ 21 فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنربھکر محمد اشرف نےکہا ہے کہ تیزی سےبڑھتی ہوئی آبادی کی بدولت ملک کو سنگین نوعیت کے چیلنجز درپیش ہیں جن میں وسائل کی شدید قلت, بیروزگاری میں بے بے پناہ اضافہ اورصحت کے دستیاب وسائل میں کمی جیسی مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے یہ بات ضلعی محکمہ بہبودی کی ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ بچوں کو عمدہ خوراک اور تعلیم و تربیت کے بہترین مواقع فراہم کرنا جہاں ریاست کی ذمہ داری ہے وہیں والدین پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی کے پروگرامز پر ضرور عمل کریں اور اپنے خاندان کا سائز اپنے وسائل کیمطابق رکھیں تاکہ بچوں کی بہترین پرورش اور ان کا معیار زندگی متاثر نہ ہو اور ان کیلئے صحت مندانہ ماحول کی دستیابی سمیت اعلی معیار تعلیم کیلئے موافق ماحول کی راہ ہموار کی جاسکے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے محکمہ بہبودآبادی کی مقامی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ حقیقی معنوں میں دستیاب وسائل سے استفادہ کرکے عوام الناس میں موٹر آگاہی اور شعور کی بیداری کیلئے کامل احساس ذمہ داری کیساتھ خدمات جاری رکھیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موثر آگاہی مہم کو بامقصد بنانے کیلئے ذرائع ابلاغ کے تمام فورمز کو استعمال میں لایا جائے اور اس قومی فریضہ کی تکمیل کیلئے سوسائٹی کے ہر فرد سے حسب ضرورت معاونت حاصل کی جائے۔انہوں نےمزید کہا کہ ضلع میں محکمہ بہبودآبادی کے سروس ڈلیوری سنٹرز کی کارکردگی کو مزید فعال اور بامقصد بنایا جائے تاکہ ملکی ترقی میں تعمیری کردار ادا کیا جاسکے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564470