لاڑکانہ۔ 21 فروری (اے پی پی):شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اور چانڈکا میڈیکل کالج کی جانب سے پاکستان سوسائٹی آف ہیپاٹالوجی کے تعاون سے گیسٹرو اینٹرولوجی ڈپارٹمنٹ میں دو روزہ اینڈو سکوپی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ورکشاپ کے پہلے روز شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے گیسٹرو اینٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر علی حیدر بلوچ، لاہور سے آئے ہوئے ملک کے معروف ماہرِ امراضِ معدہ پروفیسر انوار خان، جناح ہسپتال لاہور کے سربراہ پروفیسر شاہد سرور، شیخ زید ہسپتال لاہور کے پروفیسر کاشف ملک، سول ہسپتال کوئٹہ کے ڈاکٹر داؤد گل زئی، ڈاکٹر غلام عباس گل، ڈاکٹر یاسر محمود اور دبئی سے آئے ڈاکٹر کیلاش ماکھیجانی نے شرکت کی جبکہ ملکی اور غیر ملکی ماہر ڈاکٹروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ورکشاپ میں 200 سے زائد پوسٹ گریجویٹ، جنرل فزیشن، جنرل پریکٹیشنر ڈاکٹروں اور طلبہ کو جگر، معدے اور بڑی آنت کے امراض میں مبتلا 20 مریضوں کی سرجری کے ذریعے پیچیدگیوں کے علاج اور جدید طبی طریقوں پر تربیت دی گئی، اس حوالے سے ماہر امراضِ جگر و معدہ اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے گیسٹرو اینٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر علی حیدر بلوچ نے بتایا کہ دو روزہ اینڈو اسکوپی ورکشاپ پہلے روز 200 سے زائد ڈاکٹروں کو ملکی اور غیر ملکی ماہرین نے تربیت دی جبکہ دوسرے روز چانڈکا میڈیکل کالج میں 200 سے زائد میڈیکل، پوسٹ گریجویٹ، جنرل فزیشن، جنرل پریکٹیشنر ڈاکٹروں اور طلبہ کو ماہرین کے لیکچرز دیے جائیں گے۔
اس موقع پر کیس بیسڈ ڈسکشن ہوگی، جس میں جگر اور معدے کی پیچیدہ بیماریوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ فارما کی نمائش بھی منعقد کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564602