17.7 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومقومی خبریںنیشنل بک فائونڈیشن میں معروف ادیب سید اظہار الحسن بخاری کی کتاب...

نیشنل بک فائونڈیشن میں معروف ادیب سید اظہار الحسن بخاری کی کتاب ”اجالے اپنی یادوں کے“ کی تقریب پذیرائی کا اہتمام

- Advertisement -

اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):نیشنل بک فائونڈیشن وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے احمد فراز آڈیٹوریم میں قلم قافلہ اسلام آباد راولپنڈی کے تعاون سے معروف ادیب سید اظہار الحسن بخاری کی کتاب ”اجالے اپنی یادوں کے“ کی تقریب پذیرائی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈاکٹر مقصود جعفری نے کی جبکہ مہمانان خصوصی ڈاکٹر نثار ترابی اور پروفیسر عرفان جمیل تھے۔ تقریب میں اظہار خیال کرنے والوں میں مہمانان اعزاز جاوید محسن ملک اور شہاب صفدر کے علاوہ غیور حسین، ڈاکٹر شیر علی، عالی شعار بنگش، منیر فیاض اور علی بن عزیز تھے ۔ نظامت کے فرائض ادبی و ثقافتی تنظیم قلم قافلہ کی سیکرٹری آسیہ ہارون آسی نے ادا کیے۔ صدارتی کلمات میں ڈاکٹر مقصود جعفری نے سید اظہار الحسن بخاری اور ان کی تصنیف ”اجالے اپنی یادوں کے“ حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید اظہار الحسن بخاری ایک سچا اور کھرا ادیب ہے ۔

سید اظہار الحسن بخاری نے اس کتاب میں اپنی زندگی اور وہ ادوار جن میں وہ مختلف کالجوں میں پرنسپل رہے ، کے شاندارتجربات اور مشاہدات کی ایک تاریخ مرتب کر دی ہے جس سے اساتذہ اور طلبہ استفادہ کر سکتے ہیں۔یہ اظہار مصنف نے جرات و دانشمندی سے رقم کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ ڈاکٹر نثار ترابی، عرفان جمیل، جاوید محسن ملک، شہاب صفدر ، ڈاکٹر شیر علی، غیور حسین ، عالی شعار بنگش، منیر فیاض اور علی بن عزیز نے ’’اجالے اپنی یادوں کے“ (یادداشتیں) کتاب کے حوالے سے تجزیاتی اور مطالعاتی اظہار خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ ایسی کتاب کی اشاعت سے علم و دانش کی روشنی درسگاہوں اور طلبہ و اساتذہ تک پھیلے گی کیونکہ مصنف نے کالج دور کی سچائیاں اور مثبت پہلوئوں کو زیر بحث لانے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے اپنی ریٹائرڈمنٹ تک کے دور کو ایک محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے گزارا ہے ایسے ہی اساتذہ کی وجہ سے نئی نسل کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا جا سکتا ہے ۔۔

- Advertisement -

نیشنل بک فائونڈیشن کی جانب سے سلیم اختر نے ایم ڈی مراد علی مہمند کی مصروفیات کی وجہ سے ان کی طرف سے اظہار تشکر کیا اور ان کی کامیاب سرگرمیوں کے حوالے سے بتایا اور تقریب کے حوالے سے گفتگو کی۔ انہوں نے نیشنل بک فائونڈیشن کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور سرگرمیوں اور کتاب بینی کے فروغ کے لیے کتاب میلوں کے حوالے سے بتایا ۔ تقریب میں اسلام آباد، راولپنڈی اور واہ کینٹ سے شعراء مصنفین اور اساتذہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564605

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں