14.4 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومقومی خبریںفلسطین کے عوام کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھیں گے، وفاقی...

فلسطین کے عوام کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھیں گے، وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زاراب سے گفتگو

- Advertisement -

رباط۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات، نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دل دھڑکتے ہیں، فلسطین کے عوام کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھیں گے، برادر اسلامی ممالک سے تجارت میں اضافہ کے خواہاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مراکش میں فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زاراب سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مراکش میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے فلسطینی وزیر سے پاکستانی عوام کی طرف سے خیر سگالی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستان فلسطین کی اخلاقی، سفارتی اور ہر طرح کی مدد جاری رکھے گا اور ہر پاکستانی شہری کو وہاں ڈھائے جانے والے مظالم پر دلی دکھ اور رنج ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد ضرور رنگ لائے گی اور انہیں ان کی منزل مل کر رہے گا۔ فلسطین کے وزیر ٹرانسپورٹ طارق حسینی زاراب نے پاکستانی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کے جذبات کو سراہا- انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ فلسطین کو جلد آزادی نصیب کرے گا۔ چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس کے اختتامی سیشن میں بنگلہ دیش کے وزیر صنعت و پیداوار عادل الرحمٰن خان، عمان کے ڈپٹی منسٹر بریگیڈئیر جنرل علی الفلاحی اور مالدیپ کے وزیر ٹرانسپورٹ ایم امین نے علیحدہ علیحدہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ان کے وفد سے ملاقاتیں کیں جس میں بین الملکی تعاون بالخصوص ٹرانسپورٹ اور مواصلات کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے پر گفتگو ہوئی اور مراکش میں ہونے والی چوتھی گلوبل منسٹریل کانفرنس برائے روڈ سیفٹی کو بالخصوص ترقی پذیر ممالک کے لئے زیادہ سودمند قرار دیا۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر نے غیر ملکی وزراء سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 24کروڑ عوام کے ملک پاکستان میں 40فیصد ذرائع مواصلات میں مزید بہتری لانے کی گنجائش موجود ہے،ہم دیگر ممالک سے بی ٹو بی اور جی ٹو جی دونوں انداز میں باہمی سرمایہ کاری اور تعاون چاہتے ہیں، ان حالات میں بھی پاکستان کی موٹر ویز اور شاہرات ماضی کے مقابلے میں بہتری کی طرف گامزن ہیں۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے بتایا کہ ٹریفک کے بہاؤ میں اضافے کے باوجود حادثات میں کمی اور ریونیو میں اضافہ کر رہے ہیں اور سفر کو محفوظ بنانے کے لئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔ غیر ملکی وزراء اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے مراکش کی تین روزہ کانفرنس کو خوش آئند قرار دیا اور ایک دوسرے کے لئے کامیابی کی خواہشات اور خوشگوار یادوں کے ساتھ واپسی کی توقع کا اظہار کیا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564621

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں