شورکوٹ۔ 23 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جھنگ کیپٹن (ریٹائرڈ) بلال افتخار کیانی کی ہدایت کے مطابق ریسکیو 1122سنٹرل اسٹیشن میں اینٹی ٹیرارسٹ موک ایکسرسائز کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس مشق میں پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، بم سکواڈ، پولیس 15، ایلیٹ فورس، سرکاری ہسپتالوں، اور دیگر متعلقہ اداروں نے حصہ لیا،مشق کے دوران ایک فرضی صورتحال پیدا کی گئی، جس میں دہشتگردوں نے سنٹرل اسٹیشن ریسکیو 1122 پر فرضی حملہ کیا۔
واقعے میں ایک فرضی دہشتگرد مارا گیا اور ایک زخمی ہوا، جسے ریسکیو 1122 کے عملے نے فوری رسپانس دیتے ہوئے بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور سول اسپتال منتقل کیا۔ دیگر سیکیورٹی اداروں نے موثر کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو 1122سنٹرل اسٹیشن کو فرضی دہشتگردوں سے آزاد کروا لیا،اینٹی ٹیرارسٹ موک ایکسرسائز کا بنیادی مقصد اداروں کی صلاحیتوں کو جانچنا اور مختلف اداروں کے مابین ہنگامی صورتحال میں رابطہ کاری کو بہتر بنانا تھا تاکہ کسی بھی حقیقی ہنگامی صورتحال سے بخوبی نمٹا جا سکے، آخر میں تمام اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور ان کے پیشہ ورانہ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ یہ مشق نہ صرف عوام کے تحفظ کے لیے اداروں کی تیاری کو بہتر بناتی ہے بلکہ باہمی تعاون کو بھی مضبوط کرتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565103