16 C
Islamabad
منگل, فروری 25, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت اڑان پاکستان پروگرام پر پہلی صوبائی...

وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت اڑان پاکستان پروگرام پر پہلی صوبائی ورکشاپ کا انعقاد،ملکی ترقی کیلئےباہمی تعاون کی ضرورت پر زور

- Advertisement -

کراچی۔24فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےمعاشی بحالی کو یقینی بنانے میں وفاقی حکومت کی کوششوں کو سراہا تے ہوئے یقین دلایا ہے کہ سندھ اڑان پاکستان کے فائیو ای کے وژن کو آ گے بڑھائے گا۔پیر کو وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے سندھ ہائوس کراچی میں اڑان پاکستان پر پہلی صوبائی ورکشاپ کی صدارت کی۔

ورکشاپ میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شر جیل انعام میمن ، منصوبہ بندی اور ترقی کے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین، سینئر وفاقی اور صوبائی بیوروکریٹس، سول سوسائٹی، کاروباری برادری، اکیڈیمیا اور میڈیا کے نمایاں افراد نے شرکت کی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ فائیو ای فریم ورک میں شامل اہداف پہلے ہی ان کی پارٹی کے منشور کا حصہ ہیں ،جن میں تعلیم کو فوقیت حاصل ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کو تسلیم کیا کہ انہوں نے بندرگاہوں کو ان کی مکمل صلاحیت تک پہنچایا ہے لیکن موجودہ برآمدات کم ہیں ،ضروری ہے کہ صوبے کو ضروری انفراسٹرکچر اور سڑکوں سے لیس کیا جائے تاکہ برآمدات کو بڑھانے کے ہدف کو پورا کیا جا سکے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے صوبائی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے اس ورکشاپ کو پاکستان کی معیشت کی بحالی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان ہم آہنگی کی علامت قرار دیا۔انہوں نے زور دیا کہ صوبائی ورکشاپس کا مقصد اڑان پاکستان کے نفاذ کے منصوبے پر اہم سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کی ورکشاپس تمام وفاقی اکائیوں میں منعقد کی جائیں گی تاکہ پوری قوم کے نقطہ نظر کے ذریعے اڑان پاکستان کے نفاذ کو تقویت ملے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت 2047 میں اپنی آزادی کے 100 سال منائیں گے ، اگر اڑان پاکستان کے اہداف کو موثر طریقے سے حاصل کیا گیا تو پاکستان 3 ٹریلین ڈالر کی مضبوط معیشت کا فخر سے اظہار کرے گا۔ انہوں نے پاکستان کے نوجوان ہنر مندوں کے حوالے سے پرامیدی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک لامحدود وسائل سے مالا مال ہے لیکن ان وسائل کو ملک کی ترقی کے لیے استعمال میں لانا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے برآمدات پر مبنی ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ برآمدات کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر تمام معاشی اہداف کو حکمت عملی کے ساتھ حاصل کیا گیا تو پاکستان 10فیصد کی شرح ترقی بھی حاصل کر سکتا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان نے ماضی میں اپنی معیشت کو بحال کرنے کے لیے مختلف معاشی منصوبے تیار کیے تھے لیکن سیاسی عدم استحکام اور غیر مستقل پالیسیوں کی وجہ سے وہ منصوبے ناکام ہو گئے۔ احسن اقبال نے زور دے کر کہا کہ اب پاکستان ترقی کے کسی بھی موقع کو کھونے کا متحمل نہیں ہو سکتا اور اڑان پاکستان قومی معاشی ترقی کی طرف اہم قدم ہے۔سندھ ہائوس میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے زور دیا کہ سندھ اپنی ترقی پذیر بندرگاہوں، صنعتی زونز اور سٹریٹجک معاشی پوزیشن کے ساتھ 2047 تک پاکستان کو 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے وژن کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت تمام صوبوں کے پانی کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے 1991 کے پانی کے معاہدے کو اس کی حقیقی روح کے ساتھ نافذ کرنے پر زور دیا تاکہ پانی کے وسائل کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی صوبے کو قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وفاق اور صوبوں کے درمیان باہمی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملکی ترقی باہمی تعاون اور اعتماد پر منحصر ہے،جب سندھ ترقی کرتا ہے تو پاکستان ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی مواقع پیدا کرنے کیلئے صوبائی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔وفاقی وزیر نے سندھ میں وفاقی حکومت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کا بھی خاکہ پیش کیا جس میں انفراسٹرکچر، پانی، توانائی اور صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری شامل ہے،انہوں نے خاص طور پر سی پیک فیز-II کے تحت منصوبوں کا ذکرکیا جیسے کہ خصوصی اقتصادی زون اور ٹرانسپورٹیشن انفراسٹرکچر جو صوبے میں معاشی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔

اپنے خیرمقدمی خطاب میں صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے ورکشاپ کے شرکا کو بتایا کہ سندھ اڑان پاکستان پروگرام کے فائیو ای فریم ورک کو نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہے کیونکہ یہ پہلے ہی معاشی بحالی، توانائی کی پیداوار اور ماحول کے تحفظ کے لیے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے سوشل میڈیا کے غلط استعمال کے حوالے سے خبردار کیا کہ غلط معلومات کے ذریعے عوام میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،انہوں نے ڈیجیٹل آزادی کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے قومی اتحاد ،ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور ریگولیشن کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے عوام اور میڈیا کے سٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ حقائق پر مبنی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔صوبائی وزیر نےکہا کہ قومی مفاد سب سے بالاتر ہے، جو کوئی بھی ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتا ہے وہ قوم کا دشمن ہے۔

انہوں نےکہا کہ معاشی ترقی اور قومی سلامتی ہم سب کی اولین ترجیح ہونی چاہیے،عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے اقدامات ضروری ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم، غربت کا خاتمہ اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے وفاقی وزیر احسن اقبال کا ورکشاپ کی قیادت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اڑان پاکستان پروگرام کے اہداف کو نافذ کرنے کے لیے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565735

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں