دمشق۔25فروری (اے پی پی):جنوبی شام کے بارے میں اسرائیل کے حالیہ بیانات کی مذمت کرتے ہوئے درجنوں شامی شہریوں نے درعا کے دیہی علاقوں بصری الشام اور سویدا میں مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے موقف کو مسترد کیا۔العربیہ کے مطابق مظاہرین نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شام تقسیم کے لیے نہیں ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیلی افواج ان علاقوں سے فوری انخلا کریں جن میں وہ گزشتہ دسمبر سے گھس گئی ہے۔
کچھ مظاہرین نے نیتن یاہو کومتنبہ کیا کہ وہ حوران کے لوگوں کے ساتھ نہ کھیلیں۔ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا تھا کہ حوران کی مٹی میں مت کھیلو ورنہ اس کے پتھر تم سے لڑیں گے۔مزید برآں آج( منگل )کو سویدا میں ایک مرکزی مظاہرے کی کال دی گئی ہے۔ کارکنوں نے پاپولر موبلائزیشن فورسز کو خطے میں ایک نئی حقیقت مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کو مسترد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ اقدامات نیتن یاہو کے ردعمل میں سامنے آئے ہیں جس میں انہوں نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ اسرائیل شام کے سابق صدر بشار الاسد کا تختہ الٹنے والی ھیئہ تحریر الشام کی افواج یا نئی شامی فوج کو جنوبی دمشق میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے القنیطرہ، درعا اور سویداء کے گورنریوں کو مکمل طور پر غیر مسلح کرنے پر بھی زور دیا تھا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565855