نوشہرہ ورکاں۔25 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر رمضان المبارک میں اشیاء کی قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب حکومت پوری طرح متحرک ہے اور اس سلسلے میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے قیمتوں کی موثر مانیٹرنگ کیلئے بیس لائن ڈیٹا تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے یہ ہدایت یہاں سول سیکرٹریٹ میں ڈویژنل کمشنرز کے ویڈیو لنک اجلاس کے دوران جاری کی گئیں ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 24فروری کی اشیاء خوررونوش کی قیمتوں کو بطور بیس لائن ڈیٹا لیا جائے گا اور ماہ مقدس کے دوران اشیاء کی قیمتوں کا موازنہ اسی بیس لائن ڈیٹا سے کیا جائیگا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے، انتظامی افسران اشیاء کی مقررہ قیمت پر دستیابی یقینی بنائیں۔
انہوں نے ڈویژنل کمشنرز کو حکم دیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو فیلڈ میں متحرک کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کیساتھ طلب اور رسد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، پھلوں، سبزیوں سمیت کسی بھی شے کی قلت نہیں ہونی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری پرائس کنٹرول اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی کے علاوہ پنجاب کے تمام ڈویژنل کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565874