سرگودھا۔ 25 فروری (اے پی پی):ستھرا پنجاب پروجیکٹ کے تحت شہر کو زیرو ویسٹ بنانا ہمارا مشن ہے۔ سرگودھا ڈویژن کی 18 تحصیلوں میں سے 16 تحصیلوں کو ایکٹو کر دیا گیا ہے، جس میں سرگودھا،خوشاب، بھکر اور میانوالی شامل ہیں۔ یہ بات رانا شاہد عمران چیف آفیسر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی سرگودھا نے چیمبر آفس میں مجلس عاملہ و تاجر کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پنجاب حکومت کا بہت بڑا پروجیکٹ ہے شہر اور گاؤں میں ملا کر 800 ٹن کوڑا بنتا ہے۔
شہر اور گاؤں کو کوڑے سے پاک کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا اس پروجیکٹ کے مثبت نتائج تین ماہ کے بعد حاصل ہوں گے۔ شہر کی سڑکوں کی صفائی مکینیکل سویپنگ اور واشنگ مشین کے ذریعے کی جائے گی۔ شہر کی صفائی کے لیے لوگوں کی اور محکمہ کی توقعات بہت زیادہ ہیں۔ ٹھیکیدار نے گھر گھر سے کوڑا اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا اس پروجیکٹ کی کامیابی کے لیے آپ لوگوں کی سپورٹ کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل میاں آفتاب چیئرمین صاف ستھرا پروگرام نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا ایک ابھرتا ہوا تجارتی اور کاروباری مرکز ہے اور یہاں کے تاجر، صنعت کاروں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
خواجہ یاسر قیوم صدر سرگودھا چیمبر نے رانا شاہد عمران کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ہم ایک صاف صحت مند اور خوشحال سرگودھا کے لیے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے اس پروجیکٹ کی کامیابی کے لیے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ تقریب کے آخر میں معزز مہمان کو چیمبر کی شیلڈ پیش کی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565959