لاہور۔25فروری (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کی ریجن بھر میں جاری بارش کے باوجود بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری ہے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق بارش کے دوران فیڈر ٹرپ کرنے کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش سے لیسکو کے 2169 میں سے صرف21 فیڈرز پر سپلائی متاثر ہوئی جبکہ بند ہونے والے فیڈرز پر بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو خود کنٹرول روم میں موجود ہیں جبکہ فیلڈ سٹاف ہائی الرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے تمام سرکل اور ڈویژن میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
موسم کی خرابی کے پیش نظر صارفین سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی معطل ہونے کی صورت میں لیسکو کو مطلع کرکے عملے کے آنے کا انتظار کریں۔کسی بھی ہنگامی صورتحال میں اپنے متعلقہ علاقے کے کمپلینٹ آفس سے فوری رابطہ کریں یا118 پر اطلاع دیں۔دوران بارش اپنے بچوں اور پالتو جانوروں کو بجلی کی تنصیبات سے دور رکھیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565995