راولپنڈی۔ 25 فروری (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نےامتحانی مراکز میں فول پروف انتظامات کی ہدایت کر دی ،راولپنڈی ڈویژن میں 97 حساس امتحانی مراکز کی نشاندہی، اضافی سکیورٹی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انجینئر عامر خٹک کی زیرصدارت میٹرک فرسٹ اینول 2025 امتحانات کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہواجس میں چیئرمین تعلیمی بورڈ محمد عدنان خان، ڈپٹی کمشنرز ، سی ای او ایجوکیشن اور ڈائریکٹر کالجز نےشرکت کی۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ کی جانب سے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتا گیا کہ میٹرک فرسٹ اینول 2025 کے امتحانات 4 مارچ سے شروع ہوں گے جن میں ڈویژن بھر سے 1 لاکھ 20 ہزار 24 امیدوار شریک ہوں گےجس کے لئے 399 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔بریفنگ میں راولپنڈی ڈویژن میں 97 حساس امتحانی مراکز کی نشاندہی کی گئی اور اضافی سکیورٹی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیےضلع اٹک میں 15، ضلع جہلم میں 17، ضلع چکوال میں 08 ،تلہ گنگ میں 11، ضلع مری میں09 اور ضلع راولپنڈی میں 37 حساس سینٹرز ہیں۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو بورڈ کے امتحانی مراکز کے دورے کی ہدایت بھی کی ۔بریفنگ میں یہ بھی بتا یا گیا کہ امتحانی مراکز پر انتظامات کا جائزہ اورنگران عملے کی ورکنگ کی بھی پڑتال کی جائے، امتحانات کے شفاف انعقاد میں ضلعی انتظامیہ تعلیمی بورڈز کو بھرپور سپورٹ کرے۔
کمشنر کا کہنا تھا کہ امتحانات طلباو طالبات کے درمیان صحت مندانہ مقابلے اور آگے بڑھنے کے جذبے کو ابھارنے کا ذریعہ ہیں، طلبہ کو پُرسکون ماحول کی فراہمی اور امتحانی عمل کی شفافیت اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نےامتحانی مراکز میں دفعہ 144 نافذ، سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی بھی ہدایت کی اور واضح کیا کہ امتحانی ڈیوٹی سے غیر حاضری ناقابلِ قبول ہے جس پر سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ امتحانی عمل میں بے ضابطگی کی صورت میں فوری ایف آئی آر درج ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566023