ڈیرہاسما عیل خان ۔25فروری (اے پی پی):ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقہ ملانہ میں قدیمی ثقافت کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت سالانہ جشن ملانہ گھڑ سوار نیزہ بازی میلے کا انعقاد کیا گیا۔ میلے میں سیاسی و سماجی شخصیات تحصیل مئیر سردار فخراللہ میاں خیل، سردار کفایت اللہ بھانڑی، سابق ناظم سردار ملک ریاض، ملک اعجاز ملانہ، وی سی ناظم سردار گیلانی خان اور سردار ہیبت خان بھانڑی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
سالانہ جشن ملانہ میں ملک بھر سے 50 سے زائد نیزہ باز کلبوں کی 150 سے زائد ٹیموں اور تقریبا 500 سے زائد گھڑ سوار نیزہ بازوں نے حصہ لیا۔ میلے میں سنگل نیزہ بازی اور چار چار کے گروپ کے نیزہ بازی کے خوبصورت دلکش اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے جس میں نیزہ بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
رنگ برنگی پگڑیاں اور لباس پہنے نیزہ بازوں نے اپنی مہارت سے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ اس موقع پر میلے کے سرپرست محمد اعجاز ملانہ کا کہنا تھا کہ ہم ہر سال یہ میلہ کرواتے ہیں جس میں نیزہ بازی، گھڑ دوڑ،بیل دوڑ کے علاؤہ کبڈی کے کھیل بھی کھیلے جاتے ہیں جو ہمارے اجداد کی روایت ہیں۔ یہ کھیل ہمارے بزرگوں کی طرف سے ہمیں ورثے میں ملا ہے اس کے لئے سارا سال محنت کرتے ہیں تاکہ اپنے شوق کے ساتھ عوام کو بھی محظوظ کرسکیں ۔ وی سی ناظم سردار گیلانی خان کا کہنا تھا کہ نیزہ بازی مقابلے سے عوامی تفریح کا بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے اس طرز کے پروگرامز کے انعقاد سے عوام میں کھیلوں کے فروغ کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔
میلے میں شاندار نیزہ بازی پر لوگوں نے خوب داد دی۔ اس موقع پر عوام کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلے ہونے چاہئیں جس نے آج بھی نیزہ بازی کے خوبصورت دیسی کھیل کو زندہ کر رکھا ہے۔ اس میلہ کا انعقاد نیزہ بازی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اس موقع پر مہمانان خصوصی نے جیتنے والے کلبوں، گھڑ سواروں میں نقد انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ رنگا رنگ نیزہ بازی میلے میں نوجوانوں اور بزرگوں سمیت اہلیان علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نیزہ بازی کے روایتی دیسی کھیل سے خوب لطف اندوز ہوئے۔ دن بھر بارش کی ہلکی ہلکی رم جھم کی پھوار سے میلہ کی رونقیں دوبالا ہو گئیں ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566210