سیالکوٹ۔26فروری (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ (اے ڈی سی)ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا کی زیر نگرانی اینٹی انکروچمنٹ سکوارڈ نے جنگ موڑ بازار اور کوبے چک روڈ میں آپریشن کر کے مستقل اور عارضی تجاوزات کو ہٹا دیا ۔
اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تجاوزات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جارہی ہے اور اس ضمن میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان اپنی دکانوں تک محدود رکھیں بصورت دیگر سامان بحق سرکار ضبط کرلیا جائے گا جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اور مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کی اینٹی انکروچمنٹ سپیشل ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں جبکہ بازاروں کی مسلسل نگرانی بھی کی جارہی ہے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ کی جا سکیں۔