اے این ایف کاتعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ، 9 کارروائیوں میں 6 ملزمان گرفتار

117

راولپنڈی۔3مارچ (اے پی پی):اینٹی نارکاٹکس فورس(اے این ایف )نے تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات سمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 9 کارروائیوں میں 6 ملزمان گرفتار کر لیے۔ اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری گزشتہ 24 گھنٹوں کی انسداد منشیات کارروائیوں کی تفصیلات کے مطابق تازہ کارروائیوں میں 4 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 595.47 کلو گرام منشیات برآمد کی گئیں۔کراچی میں جناح روڈ صدر کے قریب ملزم سے91 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں۔

ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کیا ہے۔دیگر کارروائیوں میں ضلع چاغی کے غیر آباد علاقے سے 520 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔پنجگور سے 10 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔چمن سے 39 کلو گرام چرس برآمد کی گئی ۔

ڈی جی خان میں ٹونمی موڑ کے قریب کار میں چھپائی گئی 18 کلو گرام چرس برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔سخی سرور روڈ ڈی آئی خان میں ٹونمی موڑ کے قریب ملزم سے 2 کلو گرام آئس برآمد کی گئی۔شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب ملزم کے قبضے سے 2 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

رنگ روڈ پشاور کے قریب کار کے خفیہ خانوں سے 2 کلو گرام آئس اور 1.5 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔ڈی جی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سے 970 گرام آئس برآمد کی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔