استور ۔03 مارچ (اے پی پی):گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے 16ویں بیچ کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی، جو کل 436 جوانوں نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کی۔ تقریب میں چار پریڈ کنٹیجنٹس نے شرکت کی، جبکہ تربیتی مدت 14 ستمبر سے یکم مارچ تک جاری رہی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈر فورس کمانڈ ناردرن ایریاز، میجر جنرل سید امتیاز گیلانی تھے۔ انہوں نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو مبارکباد دی اور ان کی محنت و لگن کو سراہا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان اسکاؤٹس، جی بی کے بہادر محافظ ہیں، جو ہر لمحہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے تیار رہتے ہیں۔ تقریب کے آخر میں مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے جوانوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔