اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے مشترکہ کوششیں کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی بھرپور کوششوں کے ذریعے ملکی معیشت کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے، تمام سٹاک مارکیٹوں کے انضمام کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج آج بلندیوں کو چھو رہی ہے، ملک کو آگے لے کر جانا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے ہیڈ آفس کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر جناب علی پرویز ملک، وفاقی سیکرٹری برائے لاء اینڈ جسٹس راجہ نعیم، چیئرمین کمپیٹیشن کمیشن ڈاکٹر کبیر احمد سدھو، چئیرمین سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان عاکف سعید اور دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں ترقی اور آگے بڑھنے کے وسیع امکانات موجود ہیں، حکومت تمام شعبوں میں اِن امکانات کو تلاش کرنے کیلئے انتہائی دلجمعی سے کام کر رہی ہے۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے لیے نوجوان اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں، دشمن پاکستان کو ڈیفالٹ دیکھنا چاہتا ہے، آنے والے دور میں چیلنجز کا بہتر انداز میں مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسابقتی کمیشن صارفین کے حقوق کے تحفظ کا ذمے دار ہے، مسابقتی کمیشن کی ذمہ داری کنزیومر پروٹیکشن سوسائٹی کے لئے اہم ہے، کارپوریٹ قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہے، ہم نے اینٹی مناپلی لاءکو مضبوط کیا ہے جبکہ کارپوریٹ لاء اتھارٹی کو خود مختار ادارہ بنایا گیا ہے۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ 2013ءمیں پاکستان غیرمستحکم مارکیٹ ڈیکلیئر ہوگیا تھا اور ملک کو عالمی سطح پر میکرو اکنامک غیر مستحکم ملک قرار دیا گیا تھا، اس کے بعد معیشت بہتر ہوئی، سٹاک مارکیٹ بلندیوں پر پہنچی۔ نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک کو آگے لے جانے کی استعداد موجود ہے، قدرت نے ملک کو ہر قسم کی نعمت سے نوازا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 27 سال کے بعد ہم نے ملک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس ای او) کے اجلاس کی صورت میں کثیر الجہتی ایونٹ کیا، اس طرح آگے بڑھتے رہے تو ایٹمی پاکستان اقتصادی طور پر مضبوط ہوگا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ آج وزیراعظم محمد شہباز شریف کی حکومت کا پہلا سال مکمل ہو رہا ہے، وزیراعظم ملک کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، معاشی خودانحصاری کی طرف بڑھنا وقت کاتقاضاہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ایک سال میں ہم نے پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان حکومت کی بڑی تقریب کا انعقاد کیا جس کے بعد لڑکیوں کی بین الاقوامی تعلیم کے حوالے سے ایک اور بڑی کانفرنس ہوئی جس میں چار درجن ممالک نے شرکت کی۔
محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیراعظم دن رات کام کر رہے ہیں، وہ وقت زیادہ دور نہیں جب پاکستان کو دنیا کی اقوام میں صحیح مقام ملے گا۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ جو لوگ ملک کے خیر خواہ نہیں وہ پاکستان کو ڈیفالٹ دیکھنا چاہتے ہیں، ہم معاشی طور پر جدوجہد کرنا چاہتے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کا قیام ملک میں کارٹیلز کو روکنے کے لئے کیا گیا ہے، ہمارے پاس صارفین کے تحفظ کی اتنی مضبوط سوسائٹیاں نہیں ہیں جیسے مغربی ملکوں میں ہیں۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سی سی پی ہیڈ آفس کے سنگ بنیاد کے موقع پر کمیٹیشن کمیشن کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور چیئرمین سی سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کی پیشہ ورانہ کامیابیوں کو سراہتے ہوئے بطور چیئرمین سی سی پی ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں میکرواکنامک استحکام آیا ہے اور اسٹرکچرل ریفارمز جاری ہیں، مستقبل میں ایسے ہی مواقع کا سمجھداری سے استعمال کرکے ترقی کی منازل طے کریں گے۔ سی سی پی کے لیے اپنی بلڈنگ کا ہونا اہم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ سی سی پی کے اقدامات کا اسی طرح جاری رہنا بے حد ضروری ہے۔
وزیر مملکت خزانہ علی پرویز ملک نے کہا کہ سی سی پی بطور ریگولیٹری ادارہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، یہ وہ ادارہ ہے جو منصفانہ مقابلے کو فروغ دے کر مارکیٹ اور معیشت کی بہتری میں کردار ادا کررہا ہے۔چیئرمین کمپیٹیشن کمیشن کبیر احمد سدھو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے ہیڈ آفس کی بدولت سی سی پی کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور ملازمین کو بہتر انداز میں ایک چھت تلے کام کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بلڈنگ ہونے سے سی سی پی کو کرایہ کی مد میں بچت ہوگی، جس سے اسپیشلائزڈ اسٹاف کو بھرتی کیا جائے گا اور دیگر شہروں میں بھی سی سی پی کے دفاتر کھولے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568631