ملتان۔ 04 مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے کمشنر ملتان عامر کریم خان نے گیلانی ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں ایم پی اے رانا اقبال سراج اور سابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر جاوید صدیقی بھی موجود تھے۔کمشنر نے چیئرمین سینیٹ کو ملتان کے ترقیاتی منصوبوں، زیر تعمیر یوسف رضا گیلانی کیڈٹ کالج اور اسکی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ جب وہ وزیرِ اعظم تھے تو ملتان کی ترقی ان کےلئے مشن تھا جو پورا کیا گیا ۔اب بھی جنوبی پنجاب کی محرومیوں اور پسماندگیوں کو دور کیا جائے گا۔
بعد ازان چئیرمین سینیٹ نے کمشنر کے ہمراہ ملتان میں زیرِ تعمیر یوسف رضا گیلانی کیڈٹ کالج کی جگہ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کیڈٹ کالج کی تعمیر سے باالخصوص جنوبی پنجاب اور ملتان کے طلباء و طالبات مستفید ہوں گے۔
یوسف رضا گیلانی کیڈٹ کالج کا یہ منصوبہ تعلیمی میدان میں ایک انقلابی منصوبہ ہے ۔جسے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عوام کو صحت ،تعلیم و دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=568673