23.8 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 6, 2025
ہومقومی خبریںبلوچستان میں خواتین کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے...

بلوچستان میں خواتین کی ترقی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

- Advertisement -

کوئٹہ۔ 05 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی زیر صدارت وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سالانہ پیش رفت رپورٹ، محکمانہ چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی سیکرٹری سائرہ عطاء، ایڈیشنل سیکریٹری، سیکرٹیریٹ ، ڈائریکٹوریٹ اور کرائسز سینٹرز کے تمام اسٹاف نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نہ صرف پالیسی سازی بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے بھی خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرائسز سینٹرز کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ خواتین کو فوری مدد اور قانونی معاونت فراہم کی جا سکے۔ اس کے علاوہ، خواتین کے لیے معاشی خود مختاری کے مواقع بڑھانے کے لیے مختلف منصوبے زیر غور ہیں۔محکمانہ چیلنجز پر بات کرتے ہوئے مشیر برائے ترقی نسواں کا کہنا تھا کہ متعدد رکاوٹوں کا سامنا ہونے کے باوجودحکومت بلوچستان خواتین کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ تمام ادارے اور متعلقہ اسٹاف مل کر ان مسائل کو حل کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اس عمل میں شامل کیا جائے۔صوبائی مشیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ ترقی نسواں خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا اور حکومت کی جانب سے فراہم کردہ وسائل کو زیادہ سے زیادہ مؤثر طریقے سے استعمال میں لایا جائے گا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569117

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں