اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمہ کےلئے تمام فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، خیبر پختونخوا حکومت کو انسداد دہشت گردی کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے ۔
پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کو بھی انسداد دہشت گردی کی ذمہ داری اٹھانی چاہیے مگر وہ بانی پی ٹی آئی کے اقتدار کی جنگ میں مصروف ہے اور دہشت گردی کے خلاف کچھ نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے تمام فریقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے خیبر پختونخوا حکومت کی انکوائری ہونی چاہیے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہ دہشت گردی کو روکنے میں کیوں ناکام رہی۔عمران خان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو لکھے گئے خط سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پہلے خط و کتابت صرف پاکستان کی سیاست میں ہوتی تھی مگر اب اسے بین الاقوامی درجہ دے دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے جو خطوط کا انجام ہوا تھا، انہی خطوط کا بھی وہی انجام ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں کسی کو مشورہ نہیں دیتا کیونکہ وہ مشورے سے بالاتر ہیں، شاید انہیں جادو اور منتر کے مشورے دیے جا سکتے ہیں، کوئی اور بات نہیں ہو سکتی۔خواجہ آصف نے کہا کہ مفاہمت کی سیاست تب ہوتی ہے جب دوسرا فریق حملہ آور نہ ہو ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=569579