18.8 C
Islamabad
پیر, مارچ 10, 2025
ہومقومی خبریںموسمیاتی حل میں خواتین کے کردار کو فروغ دینے کے لیے پرعزم...

موسمیاتی حل میں خواتین کے کردار کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں،رومینہ خورشید

- Advertisement -

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):وزیر اعظم کی کوارڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابط رومینہ خورشید عالم نے کہا ہے کہ خواتین عالمی موسمیاتی تبدیلی کے حل میں اہم اور نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں،موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور ان کے حل کے لیے خواتین کی قیادت انتہائی ضروری ہے۔

ہفتہ کوعالمی یوم خواتین کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ خواتین نہ صرف اپنے خاندانوں اور کمیونٹی کی سطح پر بلکہ عالمی سطح پر بھی موسمیاتی اقدامات میں ایک مضبوط اور فعال قوت کے طور پر ابھری ہیں۔ خواتین کی شرکت نہ صرف موسمیاتی مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھنے میں مدد فراہم کرتی ہے بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو موسمیاتی اقدامات میں فیصلہ سازی کے عمل کا حصہ بنانا ضروری ہے تاکہ ان کے مخصوص مسائل اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

- Advertisement -

رومینہ خورشید نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی مضبوط قیادت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے اور ان کی شرکت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کر سکتی ہے۔ وزیر اعظم کی کوارڈینیٹر نے کہا کہ خواتین کے لیے ماحولیاتی فنڈز تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے موثر اقدامات اٹھا سکیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کی قیادت موسمیاتی انصاف کی ضمانت فراہم کرتی ہے اور اس کے ذریعے ہم سب کو ایک بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کر سکتے ہیں۔رومینہ خورشید نے عالمی یوم خواتین کے موقع پر پاکستان کی خواتین کے لیے ان کی جدوجہد اور عزم کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں خواتین موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر اپنی آواز بلند کر رہی ہیں اور عالمی سطح پر اس مسئلے کے حل میں بھی پیش پیش ہیں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے خواتین کی بھرپور شرکت اور قیادت ضروری ہے،حکومت پاکستان ان کے کردار کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔رومینہ خورشید کا کہنا تھا کہ خواتین کی مضبوط قیادت اور ان کی بھرپور شرکت کے ذریعے ہم موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے اور موسمیاتی انصاف کے قیام کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری سے بھی درخواست کی کہ وہ خواتین کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی کے حل میں ان کی بھرپور شرکت کو یقینی بنائے۔رومینہ خورشید عالم نے اپنے پیغام میں خواتین کی قیادت کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کلید قرار دیا اور کہا کہ جب خواتین قیادت کا کردار ادا کرتی ہیں، تو نہ صرف موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ موسمیاتی انصاف بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے عالمی سطح پر موسمیاتی انصاف کی اہمیت پر بھی بات کی اور کہا کہ موسمیاتی انصاف کا مطلب ہے کہ ہم ان افراد اور کمیونٹیز کی مدد کریں جو موسمیاتی تبدیلی خاص طور پر خواتین اور بچوں کو کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570331

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں