لاہور۔9مارچ (اے پی پی):خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے سوسائٹی فار پبلک ،ہیلتھ ایجوکیشن، ریسرچ، اینڈ اینگیجمنٹ (SPHERE) نے محکمہ پبلک ہیلتھ، پنجاب یونیورسٹی میں یونیسیف اور پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے سیمینار کا انعقاد کیا،جس میں سروائیکل کینسر اور ایچ پی وی کینسر پر شرکاء کو آگاہی دی گئی۔ترجمان کے مطابق سیمینار پبلک ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے انچارج ڈاکٹر نعمان کی نگرانی میں منعقد ہوا جبکہ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر نے معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور سروائیکل کینسر کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین میں سروائیکل کینسر تیسرا سب سے عام کینسر ہے۔ انہوں نے صحت عامہ کے طلبہ پر زور دیا کہ وہ وکالت اور تعلیم میں فعال کردار ادا کریں۔ ای پی آئی پنجاب کی ڈائریکٹر ڈاکٹر ثمرہ خرم نے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی توسیع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جلد ہی HPV ویکسیئن کو 13ویں ویکسیئن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کینسر کی رجسٹری اور اموات کی شرح سے نمٹنے کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا،جس میں متاثرہ خواتین میں سے دو تہائی بیماری میں مبتلا ہو جاتی ہیں۔
یونیسیف کے امیونائزیشن آفیسر خرم مبین خان نے ڈبلیو ایچ او کے 2030 کے اہداف پر بات کی۔ انہوں نے نوے فیصد ایچ پی وی ویکسینیشن، 70 فیصد اسکریننگ اور90 فیصد علاج کی کوریج ،گیارہ لاکھ ویکسیئن سے محروم رہنے والے والے اور چھیانوے ہزار زیروڈوز بچوں کے مسائل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے غلط معلومات کا مقابلہ کرنے اور ویکسینیشن سے متعلق آگاہی کو فروغ دینے میں اکیڈیمیا کے کردار پر زور دیا۔
سیمینار کا اختتام ڈاکٹر طاہرہ مریم کی اختتامی تقریر کے ساتھ ہوا، جنہوں نے یونیسیف کے نمائندے مسٹر عقیل اور اس سیمینار کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا۔ سیمینار کے آخر میں مہمانوں میں سووینئر تقسیم کئے گئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570542