ملک رشید احمد کی تقرری قصور کی عوام کا قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے، عوامی فلاحی منصوبے جاری ہیں، ملک محمد احمد خان

80

لاہور۔12مارچ (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کھڈیاں خاص قصور میں ایک پروقار عوامی جلسے کا انعقاد کیا،جس کا مقصد ملک رشید احمد خان کو وزیر مملکت برائے فوڈ سکیورٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرنا تھا۔ جلسے میں علاقے کی معزز شخصیات، سیاسی رہنمائوں، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے ملک رشید احمد خان کی تقرری کو علاقے کے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ قصور کی عوام کا قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے، ملک رشید احمد خان کو وفاقی کابینہ میں شامل کرنا ایک تاریخی قدم ہے جس پر ہم قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

سپیکر نے ملک میں جاری دہشت گردی کے خطرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی یلغار ایک بار پھر ملک کی سا لمیت کو چیلنج کر اور بلوچستان میں بھارتی دراندازی سے آگ لگائی جا رہی ہے ،راستے سے بھٹکے عناصر پاک فوج پر حملہ آور ہیں، لیکن ہم دشمن کے ناپاک عزائم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائیں گے۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قوم پہلے بھی متحد ہوئی اور ردالفساد جیسے آپریشنز کے ذریعے دشمن کو شکست دی اور آئندہ بھی دشمنوں کے خلاف پوری قوت سے کھڑے رہیں گے۔انہوں نے سپہ سالار اور وزیر اعظم سے اپیل کی کہ خوارجیوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے تاکہ پاکستان میں دیرپا امن قائم ہو۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے مزید کہا کہ عوام کے فلاحی منصوبے جاری ہیں، قصور میں صحت، تعلیم اور ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ”عوامی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے،ہر یونین کونسل کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملک رشید احمد خان نے قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عہدہ ایک ذمہ داری ہے اور میں اپنی ذمہ داری کو احسن انداز سے نبھائوں گا تاکہ عوام کی خدمت میں کوئی کمی نہ آئے۔

وفاقی مملکت برائے توانائی و پبلک افیئرز عبد الرحمن خان کانجو نے بھی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فخر سے اپنے بچوں کو بتائیں گے کہ ملکی تعمیر و ترقی میں ہمارا بھی حصہ ہے۔جلسے سے اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خان اور چوہدری الیا س خان نے بھی خطاب کیا۔ جلسے کا اختتام دعائوں اور ملکی ترقی و سلامتی کے عزم کے ساتھ کیا گیا۔