18.2 C
Islamabad
جمعرات, مارچ 13, 2025
ہومعلاقائی خبریںراولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں SOS فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بین الاقوامی یومِ...

راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں SOS فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بین الاقوامی یومِ خواتین کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

- Advertisement -

راولپنڈی۔ 12 مارچ (اے پی پی):راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں SOS فاؤنڈیشن کے اشتراک سے بین الاقوامی یومِ خواتین کے حوالے سے تقریب منعقد کی گئی جس کی مہمانِ خصوصی سینئر پارلیمنٹرین طاہرہ اورنگزیب تھیں۔ اس موقع پر خواتین کی تعلیم، خودمختاری، اور مساوی حقوق کے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیلا کمال کے خیر مقدمی کلمات سے ہوا۔

انہوں نے خواتین کے حقوق اور معاشرتی ترقی میں ان کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خواتین کے حقوق پر بہت بات ہو چکی اب وقت ہے عملی اقدامات کا۔ انہوں نے ”ایچ ون، ٹیچ ون” (Each One Teach One) پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے طالبات پر زور دیا کہ ہر طالبہ کم از کم ایک ناخواندہ فرد کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرے، تاکہ ہم سب مل کر معاشرتی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

- Advertisement -

تعلیم خواتین کو بااختیار بنانے کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے علم کو دوسروں تک پہنچائیں۔ ڈاکٹر انیلا کمال نے مزید کہا کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نہ صرف اعلیٰ تعلیمی معیار فراہم کر رہی ہے بلکہ طالبات میں قائدانہ صلاحیتیں اور سماجی شعور بھی اجاگر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کی جدوجہد صرف نعروں تک محدود نہیں ہونی چاہیے بلکہ عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے گھریلو تشدد، کم عمری کی شادیوں اور دیگر سماجی مسائل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو صرف قانونی تحفظ ہی نہیں بلکہ مساوی مواقع بھی فراہم کیے جانے چاہئیں۔

مہمانِ خصوصی طاہرہ اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کے حقوق کو کسی ایک دن تک محدود نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ہر دن یومِ خواتین ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف ایک خاتون کی حیثیت سے صوبے میں نمایاں تبدیلیاں لا رہی ہیں۔ انہوں نے ”سُتھرا پنجاب” منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ایک عورت اپنا گھر سنوارتی ہے، ویسے ہی مریم نواز پورے پنجاب کو سنوارنے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم ترقی کی کنجی ہے اور خواتین کو معاشی اور سماجی ترقی کے لیے تعلیم حاصل کرنا بے حد ضروری ہے۔تقریب میں SOS فاؤنڈیشن کی سی ای او ڈاکٹر شائستہ سہیل نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی جس میں پاکستان میں خواتین کی تعلیمی صورتحال پر روشنی ڈالی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کا شرحِ خواندگی 50 فیصد جبکہ مردوں کا 70 فیصد ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تعلیم کے ذریعے ہی صنفی مساوات حاصل کی جا سکتی ہے اور اس مقصد کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر کوششیں کرنی ہوں گی۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں، جبکہ طالبات اور اساتذہ نے اس بامقصد تقریب کے انعقاد کو سراہا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571563

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں