کوئٹہ۔ 12 مارچ (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبے کے کیڈٹ اور ریزیڈیشنل کالجز کے مالی امور کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس بدھ کے روز یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، سیکرٹری کالجز صالح بلوچ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی،
اجلاس میں صوبے کی مختلف کیڈٹ و ریزیڈیشنل کالجز کے مالی امور کا جائزہ لیتے ہوئے ایک ہی نوعیت کے مختلف اداروں میں طالب علموں پر اٹھنے والے فی کس اخراجات کا موازنہ پیش کیا گیا، وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی نے کیڈٹ و ریزیڈیشنل کالجز کے مالی امور کو منظم کرنے کے لئے جامع فنانشل مینجمنٹ سسٹم قائم کرنے کا حکم دیا اس ضمن میں وزیر اعلیٰ نے ایک کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی
جس میں پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن صالح بلوچ شامل ہوں گے یہ کمیٹی کیڈٹ و ریزیڈیشنل کالجز کے مالی امور کی بہتری کیلئے اپنی جامع تجاویز پیش کرے گی جس کی روشنی میں مزید اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571579