کوئٹہ۔ 12 مارچ (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما میر علی حسن زہری نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں،انجن ڈرائیور اور مسافروں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسےبزدلانہ، وحشیانہ اور ناقابلِ معافی دہشت گردی کا عمل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معصوم مسافروں اور ریلوے عملے کو یرغمال بنانے کا یہ گھناؤنا فعل نہ صرف ریاستی عمل داری پر حملہ ہے بلکہ پورے بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ایک مذموم سازش ہے۔
اپنے مذمتی بیان میں وزیر زراعت نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کو یرغمال بنانا ایک سنگین جرم ہے اور اس میں ملوث غیر ملکی آقائوں کے ٹکڑوں پر پلنے والے دہشت گرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں۔ یہ عناصرذہنی پسماندہ لوگوں کے کچے ذہنوں کو چند سکوں کے لالچ اورورغلاء کر استعمال کر رہے ہیں اور اپنے آقائوں کے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں مگر حکومت اور عوام ایسے گھناؤنے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کسی صورت ایسے عناصر کو کھلی چھوٹ نہیں دیں گے اور ان دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔صوبائی وزیر میر علی حسن زہری نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کر رہے ہیں اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں جا رہے ہیں۔
انہوں نے یرغمال بنائے گئے شہریوں اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام خوفزدہ ہونے والے نہیں، ہم سب متحد ہو کر ان دشمن عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو بگاڑنے والے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔ ہم ہر قیمت پر اپنے عوام کا تحفظ یقینی بنائیں گے اور کسی بھی قسم کی بلیک میلنگ یا دباؤ کو قبول نہیں کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571588