اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹیم ڈائریکٹر مقررکردیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے سرفراز احمدکی تقرری کا اعلان کیا ہے۔جنوری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل کا چوتھا ایونٹ جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد کو اُن کی ٹیم نے ریلیز کردیا تھا، پی ایس ایل نائن میں سرفراز احمد کی جگہ جنوبی افریقا کے رائلی روسو کپتان تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے گلیڈی ایٹرز کے آفیشل سپانسرز کے طور پر سٹائل پر دستخط کی تقریب کے دوران کہا کہ سرفراز نے بحیثیت کپتان کیو جی کی بہت اچھی قیادت کی اور مجھے امید ہے کہ وہ بطور ڈائریکٹر بھی ایسا ہی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ معین خان بطور ہیڈ کوچ اور سرفراز کا بطور ٹیم ڈائریکٹر ہمارے لیے حیرت انگیز کام کریں گے ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شریک مالک حسن عمر نے کہا کہ سرفراز کی ٹیم مینجمنٹ میں شمولیت فرنچائز کی تاریخ میں ایک اہم قدم ہے۔سرفراز کی شمولیت سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ہم اپنے انتظام میں ینگ بلڈ کو بھی شامل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کردار کے لیے اس سے بہتر کوئی اور انتخاب نہیں تھا کیونکہ سرفراز کو ہماری فرنچائز سے وابستہ ہر کوئی پسند کرتا ہے چاہے وہ ہم ہوں یا مداح۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نےکہا تھا کہ سرفراز احمدکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جان ہیں، ہم ان کو چھوڑ نہیں سکتے، آپ انہیں ایک نئے رول میں دیکھیں گے۔ پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سرفراز احمد نے اپنی کپتانی میں 2019 کا ٹائٹل جتوایا تھا جبکہ2016 اور 2017 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم فائنل کھیل چکی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572023