14.6 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 14, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان اور عمان کا جوائنٹ بزنس کونسل کو فعال کرنے اور تجارتی...

پاکستان اور عمان کا جوائنٹ بزنس کونسل کو فعال کرنے اور تجارتی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین فیصل عبداللہ الرواس سے مسقط میں ملاقات کی۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے بعد چیئرمین عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر کے اعزاز میں افطار عشائیہ بھی دیا۔اس موقع پر پاکستان کے سفارت خانے اور عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے باہمی اشتراک سے بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں پاکستانی اور عمانی تاجروں کو باہمی تجارتی مواقع تلاش کرنے کا موقع ملا۔ یہ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین فیصل الرواس نے عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور اس کے علاقائی دفاتر کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور خواہش ظاہر کی کہ عمانی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی بھرمار ہو۔ دونوں فریقین نے عمان چیمبر آف کامرس اور پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مابین جوائنٹ بزنس کونسل کو فعال کرنے پر اتفاق کیا تاکہ اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ ہمارے موجودہ تجارتی اعداد و شمار ہمارے تعلقات کی اصل گہرائی کی عکاسی نہیں کرتے۔ صرف لاجسٹک اور مواصلاتی رکاوٹیں دور کر کے ہم موجودہ تجارتی حجم کو دو سے تین گنا بڑھا سکتے ہیں۔

- Advertisement -

اس مقصد کے حصول کی راہ دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس سے ہو کر گزرتی ہے۔ ہمیں عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پاکستان کے مختلف چیمبرز آف کامرس اور انڈسٹریز کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔چیئرمین عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیر تجارت کے مؤقف سے اتفاق کیا اور یقین دہانی کرائی کہ جوائنٹ بزنس کونسل جیسے پلیٹ فارمز کو فعال طور پر استعمال کیا جائے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مستحکم کیے جا سکیں۔

چیئرمین نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے جائیں اور پاکستانی برانڈز اور کاروباری اداروں کو عمان میں اپنے قدم جمانے کی دعوت دی، تاکہ عمان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔ملاقات کے بعد دونوں فریقین نے بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ سیشن میں شریک کاروباری شخصیات سے ملاقات کی۔ وہ تقریباً دو گھنٹے تاجروں کے ساتھ رہے، ان کے کاروبار کے بارے میں جانا اور پاکستانی مصنوعات کے معیار اور تنوع کو سراہا۔

یہ دورہ پاکستان اور عمان کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینے کی ایک اہم پیش رفت ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572437

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں