اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سمسٹر بہار 2025 کے داخلے جاری ہیں، جہاں میٹرک، ایف اے، ایسوسی ایٹ ڈگری، بی ایڈ، بی ایس، بی بی اے، پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز اور سرٹیفکیٹ کورسز میں داخلے کی آخری تاریخ 25 مارچ مقرر کی گئی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی لہٰذا داخلے کے خواہشمند نئے اور پہلے سے داخل( جاری طلبہ)بروقت رجسٹریشن/انرولمنٹ یقینی بنائیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی کا مشن ہر فرد کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ کوئی بھی طالب علم تعلیمی سہولتوں سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے جلد از جلد داخلہ حاصل کریں اور اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھیں،یونیورسٹی طلبہ کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،تمام پروگرامز کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، مزید تفصیلات اور رہنمائی کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ وزٹ کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572577