13.7 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 15, 2025
ہومقومی خبریںاین ایچ اے کے صرف ایک منصوبے میں 13.5 ارب روپے کی...

این ایچ اے کے صرف ایک منصوبے میں 13.5 ارب روپے کی بچت، زیر تکمیل منصوبوں پر ٹائم لائن اور لینڈ ایکوزیشن پر رپورٹ طلب،منصوبوں کے التواء میں ملوث کنٹریکٹرز بلیک لسٹ ہوں گے، عبدالعلیم خان

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے صرف ایک منصوبے میں ساڑھے 13 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے اور نئی شرائط پر صوبہ خیبر پختونخوا میں سرائے صالح سے حویلیاں ہائی وے کی تعمیر میں کنٹریکٹر نے مقابلتاً بہتر شرائط پر معاہدہ کیا ہے جس کے باعث اس خطیر رقم کی بچت ممکن ہو سکی ہے۔

وزارت مواصلات کی جانب سے جمعہ کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق اس امر کا اظہار وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت ہونے والے این ایچ اے کے اعلی سطحی اجلاس میں کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ رتو ڈیرو سے شکارپور، جامشورو سے سہون سمیت اہم منصوبوں کو 30 جون سے قبل مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایسے کنٹریکٹرز کو بلیک لسٹ کیا جائے گا جو منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر کا باعث بنتے ہیں۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے صوبہ سندھ میں لینڈ ایکوزیشن کی رپورٹ سمیت تمام زیر تکمیل منصوبوں پر ٹائم لائن طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ جن منصوبوں کے لئے ڈونر اداروں کی طرف سے فنڈز موجود ہیں ان میں تاخیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو منصوبوں کے کنٹریکٹ کی شرائط کو تبدیل کرنا چاہیے تاکہ منصوبوں میں تاخیر کا خمیازہ حکومت کی بجائے کنٹریکٹرز کو ہو۔ عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کے لئے ٹارگٹ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ ہر افسر کو دئیے گئے اہداف کو مکمل کرنا ہو گا ورنہ وہ اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے منصوبوں میں غیر ملکی کمپنیوں کو بھر پور طریقے سے حصہ لینا چاہیے اور اپنے تمام عمل کو شفاف بنانا چاہیے۔ اس اعلی سطحی اجلاس میں این ایچ اے کے ملک بھر میں جاری منصوبوں پر کام کی رفتار اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ این ایچ اے کی سائٹس پر درپیش مشکلات کو فوری حل کیا جائے۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے اجلاس کو اہم محکمانہ امور پر بریفنگ بھی دی جبکہ وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اہم امور کی منظوری دی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572702

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں