پشاور۔ 14 مارچ (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مردان، پشاور اور ایبٹ آباد میں بڑے پیمانے پر انسپکشن کی گئی، جس کے دوران ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات، ملاوٹ شدہ دودھ اور زائدالمیعاد خوراکی اشیاء برآمد کر کے تلف کر دی گئیں، جب کہ متعدد دکانیں اور گودام سیل کر دیے گئے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم مردان نے کاٹلنگ بازار میں کارروائی کے دوران 1400 لیٹر سے زائد جعلی کولڈ ڈرنکس برآمد کر کے ضبط کر لی اور گودام کو سیل کردیا اسی طرح پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے رنگ روڈ پر ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 240 کارٹن زائدالمیعاد فروٹ ڈرنکس برآمد کیں، جو مارکیٹ میں فروخت کی جانی تھی۔
ٹیم نے فوری طور پر تمام مشروبات ضبط کر کے مالکان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی مزید تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں میں انسپکشن کے دوران 300 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا۔ اس دوران ایک دکان کو سیل بھی کر دیا گیا، جب کہ دیگر دکانداروں کو بہتری کے نوٹسز جاری کیے گئے،
ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی واصف سعید نے نے انسپکشن ٹیموں کی کوششوں کو سراہا اور ہدایت دی کہ رمضان المبارک میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ خوراک کی فروخت کی روک تھام کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ عوام کو محفوظ اور خالص خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ صوبائی حکومت عوام کو محفوظ خوراک فراہم کرنے کے لیے ہر تمام ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور کسی کو بھی انسانی صحت سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572722