لاہور۔14مارچ (اے پی پی):پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ ومطالعہ پاکستان کے زیر اہتمام سول سروسز کے امتحان پرخصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیاجس میں چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محبوب حسین، ڈائریکٹر(جنرل)کالجز،پنجاب ڈاکٹر احتشام جان بٹ، فیکلٹی ممبران، طلباطالبات اور سول سروس کے خواہشمند امید واروں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب میں ڈاکٹر احتشام بٹ نے سول سروسز امتحان کے ڈھانچے، تیاری کی حکمت عملی اور اہم چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ سیمینار کا مقصد خواہشمند امیدواروں کو عملی رہنمائی اور حوصلہ افزائی سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ ملک کے سب سے زیادہ مقابلہ جاتی امتحانات میں سبقت لے سکیں۔
انہوں نے امتحان میں کامیابی کے حصول کے لیے استقامت، تجزیاتی مہارت اور حکمت عملی کی تیاری پر سیر حاصل گفتگو کی۔ پروفیسرڈاکٹر محبوب حسین نے کہا کہ شعبہ تاریخ ومطالعہ پاکستان طلبا کو علم اور کیریئر کی رہنمائی کے لیے ایسے تعلیمی اقدامات کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572790