لاہور۔15مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ہفتہ کے روز یہاں سنٹرل پولیس آفس ریلویز کا دورہ کیا،ریلوے پولیس کے شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور جعفر ایکسپریس سمیت ریلوے پولیس کے دیگر شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر انہوں نے وطن عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر نے سنٹرل پولیس ریلویز کے احاطے میں شجر کاری مہم کے تحت ایک پودا بھی لگایا۔دورے کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسرریلوے عامر بلوچ اور آئی جی ریلوے پولیس محمد طاہر رائے بھی ان کے ہمراہ تھے۔۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔
آئی جی ریلوے نے وفاقی وزیر کو ریلوے پولیس کی مجموعی کارکردگی اور سکیورٹی کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے ریلوے پولیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں مزید بہتری کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572893