18.1 C
Islamabad
اتوار, مارچ 16, 2025
ہومقومی خبریںملک معیشت درست سمت پر گامزن ہے، ہارون اختر خان

ملک معیشت درست سمت پر گامزن ہے، ہارون اختر خان

- Advertisement -

لاہور۔15مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت اب بہتری کی راہ پر گامزن ہے، صنعتکاروں کا اعتماد بحال کرنے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے موجودہ حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، معاشی استحکام کے لیے حکومتی پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے اور کاروباری برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے تاکہ ملک میں صنعتی ترقی کا پہیہ مزید تیزی سے گھوم سکے۔وہ ہفتہ کو لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری، سینئر عہدیداران، معروف صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کا مقصد حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانا اور موجودہ چیلنجز کے حل کیلئے مشاورت کو فروغ دینا تھا۔ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت معاشی پالیسیوں میں تسلسل پر یقین رکھتی ہے کیونکہ یہی استحکام سرمایہ کاروں کو اعتماد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مثبت اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت آج پاکستان میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ معیشت اپنے درست ٹریک پر واپس آ چکی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ اس رفتار کو برقرار رکھا جائے تاکہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں ۔ے اس موقع پرانہوں نے اعلان کیا کہ حکومت بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی کو اولین ترجیح دے رہی ہے، ہم بنک رپٹسی قانون متعارف کروا رہے ہیں تاکہ دیوالیہ ہونے والے یونٹس کو قانونی اور مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے اور ان کی بحالی ممکن بنائی جا سکے، اس اقدام سے جہاں معیشت کو استحکام ملے گا وہیں روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

- Advertisement -

معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار نے صنعتکاروں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ٹیکس وصولی کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے آئندہ دنوں میں کاروباری طبقے کو خاطر خواہ ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ زیادہ پیداواری لاگت صنعتی ترقی میں رکاوٹ بنتی ہے اس لئے ان مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت ون ونڈو آپریشن کا نظام لا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کو مختلف سرکاری اداروں کے چکر لگانے سے نجات دی جا سکے، کاروباری افراد کو اداروں کی بے جا مداخلت اور غیر ضروری تحقیقات سے بچانے کیلئے موثر قانون سازی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایسا سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں سرمایہ کار خود کو محفوظ اور مطمئن محسوس کریں۔انہوں نے بتایا کہ ایک جامع انڈسٹریل پالیسی پر کام جاری ہے جس کا مقصد صنعتی ترقی کیلئے واضح اور دیرپا روڈ میپ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کو محفوظ بنانے اور کرنسی کے غیر قانونی اخراج پر قابو پانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بیرون ملک پاکستانی سرمایہ کار بھی اعتماد کے ساتھ وطن واپس آئیں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں صنعتکار کئی چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں جن میں توانائی بحران، بلند شرح سود، سکلز ڈویلپمنٹ میں کمی اور ریگولیٹری مسائل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہمارے مسائل کو آئندہ 30دنوں میں ترجیحی بنیادوں پر حل کر دے تو ہم قومی معیشت میں خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ حکومت کو سکلز ڈویلپمنٹ کے میدان میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہنر مند افرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی کاروباری برادری کےلئے حوصلہ افزا ہے اور امید ہے کہ حکومت اور صنعتکار مل کرملکی معاشی ترقی کا سفر طے کریں گے۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے ہارون اختر خان کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات کو سراہا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اعلان کردہ اصلاحات پر جلد عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ ملکی معیشت مزید مضبوط ہو اور پاکستان صنعتی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو سکے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572926

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں