ملتان۔ 15 مارچ (اے پی پی):ملتان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاون جاری،ضلع بھر میں 34 گراں فروش گرفتار، متعدد کے خلاف مقدمات درج کروا کر جرمانے بھی عائد کر دیئے گئے۔تفصیلات مطابق ہفتہ کے روز یہاں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 11ہزار سے زائد مقامات پر اشیا خوردونوش کی قیمتوں اور معیار کی چیکنگ کی۔گراں فروشی اور اشیاء خورد برد کی مصنوعی قلت پیدا کرنے پر متعدد ملوث افراد کو ایک لاکھ 63 ہزار روپے سے زائد جرمانے عائد کئے گئے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے گئے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان محمد علی بخاری نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں کےخلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری ہے،چینی و آٹےسمیت دیگر اشیاء خوردو نوش کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جا رہا،حکومت پنجاب کی ہدایت پر عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے اشیاء خوردونوش کے سرکاری ریٹس مختص کررہی ہے، سرکاری ریٹس پر اشیاء خورد نوش کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں نگرانی کر رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سہولت رمضان بازاروں میں اشیاء خوردونوش کی سستی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572933