لاہور۔15مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانہ سے کیا گیا۔
اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری رشدہ لودھی، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی عدنان افضل چھٹہ، رکن پنجاب اسمبلی سنبل ملک، رکن پنجاب اسمبلی سونیہ آشر اور رکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز کھوکھر نے شرکت کی ۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے سیمینار کے شرکا سے کہاکہ دین اسلام میں خواتین کو بڑا مقام حاصل ہے۔
دنیا کا کوئی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک کہ قوم کے مردوں کے ساتھ خواتین بھی ملکی ترقی میں شانہ بشانہ حصہ نہ لیں۔ ایک متوازن معاشرہ ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔آج کا پیغام ہے کہ تمام مرد خواتین کو عزت دیں۔ ہم اپنے ڈاکٹرز اور نرسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہر دن خواتین کا دن ہے۔ فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی وویمن ایمپاورمنٹ کی بہترین مثال ہے۔ خواتین کو جو حقوق دینِ اسلام نے دیئے ہیں وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573009