26.6 C
Islamabad
پیر, مارچ 17, 2025
ہومقومی خبریںدہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کیلئے ساری قوم یکجان ہے،وفاقی...

دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی سلامتی کیلئے ساری قوم یکجان ہے،وفاقی وزیرعبدالعلیم خان

- Advertisement -

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات و صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے پے در پے واقعات کے باوجود سیکورٹی فورسز اور پاکستانی عوام کے حوصلے بلند ہیں اور اس عفریت کا مقابلہ کرنے کے لیے ساری قوم یکجان ہے، ملک دشمن عناصر سوچی سمجھی سازش کے تحت جغرافیائی لحاظ سے اہم ترین صوبوں بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کو نشانہ بنا رہے ہیں جس کا مقصد شہریوں کو خوف زدہ کرنا اور ملکی ترقی کا پہیہ روکنا ہے لیکن انہیں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کے عزائم خاک میں مل کر رہیں گے۔

اتوار کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اس امر کا اظہار انہوں نے شیخوپورہ آمد پرگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان جو استحکام پاکستان پارٹی کے صدر بھی ہیں ، شیخوپورہ میں سابق صوبائی وزیر اور پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں خالد محمود کی رہائش گاہ گئے اور ان سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور غم زدہ خاندان کو یہ صدمہ ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔

- Advertisement -

اس موقع پراستحکام پاکستان پارٹی لاہور کے صدر ملک زمان نصیب اور مقامی سیاسی و سماجی رہنما بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ ملکی اور بین الاقوامی حالات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، وطن عزیز کو بیک وقت کئی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم انفرادی یا سیاسی مفادات کی بجائے وسیع تر ملکی بہتری کو پیش نظر رکھیں،عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے لیے سب سے پہلی ترجیح پاکستان ہے ، سیکورٹی فورسز اور افواج پاکستان کی بھر پور سپورٹ کرناہم سب کا اولین فرض ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا تھا کہ تمام تر مسائل کے باوجود مختلف شعبوں میں بہتری آ رہی ہے اور انشااللہ آنے والے دنوں میں عام آدمی کو عملی طور پر ریلیف حاصل ہو گا۔سابق صوبائی وزیر اور جنرل سیکرٹری استحکام پاکستان پارٹی میاں خالد محمود نے پارٹی صدر اور عبدالعلیم خان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573320

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں